(ویب ڈیسک ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ انکے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، جس پر پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر یونہی محنت جاری رہی تو انشاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
وزیر اعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اوت انکی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے پوری حکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ مملکت خزانہ علی پرویز ملک، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکریٹری خزانہ کا بھی اس حوالے سے کوششوں اور محنت پر شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِاعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔