عدالت نے شاندانہ گلزار کو مخصوص نشست پر دوبارہ حلف اٹھانے کی اجازت دے دی

عدالت نے شاندانہ گلزار کو مخصوص نشست پر دوبارہ حلف اٹھانے کی اجازت دے دی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما شاندانہ گلزار کی ڈی نوٹیفائی کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف دائر درخواست منظور کرلی ہے اورمخصوص نشست پر دوبارہ حلف اٹھانے کی اجازت بھی دیدی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی شاندانہ گلزار نے مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا ہوا تھا ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شاندانہ گلزار کو ڈی نوٹیفائی کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست کو منظور کر لیا ہے اورانہیں مخصوص نشست پر دوبارہ سے حلف اٹھانے کی اجازت بھی دے دی ہے ۔ عدالت کی جانب سے شاندانہ گلزار کی جگہ دوسری خاتون روحیلہ حامد کو نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیدیا گیا ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے ۔ شاندانہ گلزار نےقومی اسمبلی کی مخصوص نشست سے استعفاء دے دیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے دوسری خاتون کے کاغزات نامزدگی منظور کرلئے تھے ۔شاندانہ گلزار نے الیکشن کمیشن کے اس حکم کو چیلنج کیا ہوا تھا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔