جیل انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی پولیس کے جوان اڈیالہ جیل سے واپس جانا شروع ہوگئے، شہباز گل کو پمزکی ایمبولینس میں اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے. شہباز گل کو ایمبولینس آکسیجن لگا کر اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے کیونکہ انہیںسانس لینے میںدشواری ہورہی تھی. اس سے قبل شہباز گل کی حوالگی کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے وفاقی حکومت نے ایف سی اور رینجرز کی مدد طلب کر لی تھی، ایف سی اور رینجرز کی گاڑیاں اڈیالہ جیل روانہ ہوگئیں تھیں۔ ادھر اڈیالہ جیل کے باہر اسلام آباد پولیس اور راولپنڈی پولیس کے بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے، اسلام آباد پولیس شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد لے جانے پر بضد تھی جبکہ راولپنڈی پولیس انہیں راولپنڈی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرنا چاہتی تھی۔ اسلام آباد پولیس نے جیل انتظامیہ کو تنبیہ کی تھی کہ ملزم کو راولپنڈی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل نہیں کیا جاسکتا۔راولپنڈی پولیس کے افسران نے اڈیالہ جیل کے مین گیٹ پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی تھی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری ہے اور آکسیجن لیول بھی کم ہے۔جیل انتظامیہ کا موقف تھا کہ بیماری میں جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کو حوالے نہیں کیا جاسکتا ۔ اسلام آباد پولیس کا موقف تھا کہ ملزم کا چیک اپ پمزہسپتال کی میڈیکل ٹیم کو کرنے دیا جائے جس پر جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جیل ہسپتال کے ڈاکٹرز موجود ہیں اس کے علاوہ میڈیکل ٹیم کس حیثیت میں ملزم کا چیک اپ کرے گی ۔ دوسری جانب شہباز گل کی اڈیالہ جیل سے ممکنہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے باعث اسپتال میں سیکورٹی سخت کر دی گئی تھی، پولیس کی بھاری نفری ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی ۔