علی امین گنڈا پور کو کشمیر کی حدود سےنکل جانےکا حکم

علی امین گنڈا پور کو کشمیر کی حدود سےنکل جانےکا حکم
مظفر آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور کو کشمیر کی حدود سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران ایک کے بعد ایک تنازعہ میں گھرے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کو جمعہ کے روز ایک اور دھچکا لگا جب الیکشن کمیشن نے انتخابی جلسوں میں انکی شرکت اور تقاریر پر پابندی لگا دی۔اس سلسلے میں ایک خط کمیشن کے سیکریٹری سردار محمد غضنفر نے آزاد جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری شکیل قادر خان کو ایک ہدایت نامہ کے ساتھ بھیجا تاکہ اس فیصلے پر عمل درآمد اور تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پتہ چلا ہے کہ گنڈا پور نے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیجز کے اعلان کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر میں مختلف عوامی جلسوں میں اپنی تقریروں میں ناگوار تبصرے کیے تھے۔ سردار محمد غضنفر نے خط میں کہا یہ فیصلہ اس لئے بھی لیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کی کارروائیوں سے نہ صرف امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بھی پیدا ہوا ہے۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف الیکشن کمیشن کا فیصلہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور باڈی کے دونوں آئینی ممبرز اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں سراسر ناکام رہے ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔