لاہور کے حلقہ پی پی 167 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بستی سیدن شاہ کے پولنگ سٹیشن کے باہر سے پولیس نے ایک مسلح شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے رائفل برآمد کر لی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کو تفتیش کے لئے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ شخص کسی سیاسی جماعت کا کارکن ہے یا اس کا مقصد شرپسندی پھیلانا تھا، اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ https://twitter.com/TararAttaullah/status/1548560745939341313?s=20&t=3Lm4ZojpDZl5-U_jyRJGiw پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق اس مسلح ملزم کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم پولنگ سٹیشن کے باہر مشکوک انداز میں رائفل لے کر گھوم رہا تھا۔ ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سیکیورٹی گارڈ ہے اور ان دنوں ایک ڈاکٹر کیساتھ ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔ خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے چودہ اضلاع کے 20 حلقوں میں آج ضمنی الیکشن منعقد ہیں۔ اس سلسلے میں صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ کشیدگی کے خطرات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش پر سختی سے پابندی عائد ہے۔