عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوکر گھر آئیں گے، زین قریشی

عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوکر گھر آئیں گے، زین قریشی
کیپشن: عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوکر گھر آئیں گے، زین قریشی

ویب ڈیسک: شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی زین حسین قریشی کا کہنا ہے کہ عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوں گے اور اپنے گھر آئیں گے۔

تفصیلا ت کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، میں اپنے والد شاہ محمود قریشی کی طرف سے بھی عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے کیے جانے والے حکومت کے تمام دعوے ادھورے رہ گئے، یہ عوام دوست بجٹ کم اور آئی ایم ایف دوست بجٹ زیادہ لگ رہا ہے۔

زین قریشی نے کہا کہ آج دوسری عید ہم اپنے والد کے بغیر کررہے ہیں، سائفر کیس میں اللہ نے ہمیں عزت دی، سائفر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا تھا جس میں اللہ پاک نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو باعزت سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے کیس میں پابند سلاسل رکھا گیا ہے، دونوں کو نماز عید سے بھی محروم کیا گیا۔

زین حسین قریشی کا کہنا تھا کہ عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوں گے اور اپنے گھر آئیں گے، دیر ہے پر اندھیر نہیں ہے، ہم ایک بار پھر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آٹھ فروری کے الیکشن پر ایک کمیشن بننا چاہیے تاکہ عوام کے سامنے اصلیت آسکے، نو مئی سانحہ پر بھی ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بننا چاہیے، نو مئی کے کیس کو جواز بنا کر ہزاروں بے گناہوں کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے ان کو رہا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جماعت ہیں اور ہم سیاسی قدروں کو اہمیت دیتے ہیں، تین جماعتوں کو ہم فارم سنتالیس کی حکومت کہتے ہیں، آٹھ فروری کو لوگوں نے آگ کا دریا عبور کرکے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔

Watch Live Public News