اسلام آباد: ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کو پیش کیا گیا۔عدالت نے اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے، ایف آئی اے نے مزید 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، ابھی تک یہی استدعا ہے کہ ٹویٹ برآمد کرنی ہے، چالیس آرٹیکلز ایف آئی اے برآمد کر چکی ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ابھی تک اعظم سواتی نے ٹویٹر اکاؤنٹ سرینڈر نہیں کیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے درخواست پر عدالت نے ان کا مزید 1 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، عدالت کی جانب سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو اعظم سواتی کو کل دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا ، عدالت سے حکم ملنے کے بعد ایف آئی اے اہلکار اعظم سواتی کو لے کر عدالت سے روانہ ہو گئے تھے۔