لاہور (پبلک نیوز) حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب، وزیراعلیٰ عثمان بزدار،صوبائی وزراء،اعلی حکام اور دیگر شخصیات نے حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزراء راجہ بشارت، پیر سید سعید الحسن شاہ،میاں اسلم اقبال، اجمل چیمہ، سردار آصف نکئی، پارلیمانی سیکرٹری اوقاف تیمور لالی، رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور عقیدت مندوں نے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، استحکام اور سربلندی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ سمیت بزرگان دین نے برصغیر میں امن و آشتی کا درس دیا۔ اللہ تعالی بزرگان دین کے فیوض و برکات سے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی عطا فرمائے۔