ویب ڈٖیسک: موسم سرما کے رنگ، کہیں بارش کہیں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مری، سوات، وادی نیلم میں برفباری نے موسم حسین بنا دیا ، پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی بادل برسنے کو تیار ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے لاہور کا کم ازکم درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی ،زیادہ سے زیادہ 22ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے ، ہوا کی رفتار10 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جبکہ نمی کا تناسب80فیصد ریکارڈ کیا گیا، آج سے 21 فروری تک لاہور سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاراچنار اور قریبی علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سینٹرل کرم میں بھی ہلکی برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی جبکہ وادی نیلم میں بارش اور بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے، نیلم، اپر نیلم، لوات بالا شاردہ، اڑانگ اور کیل ہلمت تاوبٹ میں برفباری سے بالائی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مطلع آبر آلود اورمختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوسکتی ہے،اُدھر کراچی میں آئندہ 36 سے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہےکہ 20 فروری تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ، چترال ، دیر ، بونیر ، کرک، سوات ، ایبٹ آباد ، پشاور ، چار سدہ، مانسہرہ اور دیگر شہروں میں وفقے وفقے سے بارشیں ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ تین روز تک آج سے گوجرانولہ ، فیصل آباد ، حافظ آباد ، جھنگ اور پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ ، چمن ، زیارث، قلعہ سیف اللہ ، بارکھان اور دیگر مقامات پر بھی بارشوں کا امکان ہے ۔