اسلام آباد : ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا جواں سالہ بیٹا انزا طارق روڈ ایکسڈنٹ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جس کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ٹریفک حادثہ سیونتھ ایونیو روڈ پر پیش آیا ہے، حادثہ اس وقت ہوا جب انزاطارق کی گاڑی ایک موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کے اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور شدید زخمی حالت میں انزا طارق کو اسپتال روانہ کیا گیا۔ بعد ازاں اسپتال میں طبی امداد کے دوران انزا طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔