پی ٹی آئی کے ایم پی اے اقبال سید میاں کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم عمران خان کا دورۂ پارا چنار ملتوی کردیا گیا ہے۔ ایم پی اے اقبال سید میاں نے پارا چنار میں جلسے کیلئے قائم اسٹیج سے وزیراعظم عمران خان کا دورہ ملتوی ہونے کا اعلان کیا۔ اقبال سید میاں کی جانب سے کیے گئے اعلان کے بعد کارکنوں نے جلسہ گاہ سے واپس جانا شرو ع کر دیا ہے۔
دوسری جانب ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاراچنار کے اسپورٹس کمپلیکس میں وزیر اعظم عمران خان کے جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں اور کارکن جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ جلسہ گاہ میں 40 ہزار افراد کے لئے کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے گئے تھے۔