قومی اسمبلی کے ترجمان نے اسپیکر اسد قیصر کے اپنی منشا سے اسمبلی کی کارروائی چلانے کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ آئینی ہے اور وہ اپنی آئینی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسپیکر آئین اور اسمبلی قواعد میں تفویض کردہ اختیارات کے تحت اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا مزید کہنا ہے کہ اسپیکر آئین اور اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت اجلاس کی کارروائی عمل میں لائیں گے۔ قومی اسمبلی کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ اسپیکر کا اپنی منشا کے مطابق کارروائی چلانے کا بیان بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ میرے پاس اختیار ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر جتنے دن کے لیے چاہوں ملتوی کر دوں۔انہوں نے کہا ہے کہ اسپیکر کا قانونی اختیار کوئی بھی چیلنج نہیں کر سکتا، قانون نے اسپیکر کو بااختیار بنایا ہے، ان شاء اللّٰہ حکومت اس بحران سے نکل آئے گی۔