نوازشریف مسلم لیگ ن کے صدر نامزد 

نوازشریف مسلم لیگ ن کے صدر نامزد 
کیپشن: Nawaz Sharif nominated as President of Muslim League-N

ویب ڈیسک: سیاست سے آؤٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بالآخر سیاست میں انٹری ہو گئی ہے۔ ن لیگ کے سنٹرل ورکنگ کمیٹی اجلاس میں لیگی رہنماؤں نے قائد مسلم لیگ ن کو متفقہ طور پر پارٹی صدر نامزد کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم شہباز شریف کو متفقہ طور پر مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر نامزد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وہ 28 مئی تک پارٹی کے قائم مقام صدر رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کے انتخاب کے معاملہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، قائد نواز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریک ہوئیں۔

اس کے علاوہ رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اسحاق ڈار سمیت دیگر مرکزی قیادت بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر اراکین نےنواز شریف کا نام بطور قائم مقام صدر تجویز کردیا جبکہ دیگر اراکین نے نام کی تائید کردی۔ 

صدر مسلم لیگ ن سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ شہبازشریف 28مئی تک ن لیگ کے قائم مقام صدر رہیں گے۔ اٹھائیس مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کیاجائے گا۔ رانا ثنااللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔

آج کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق سی ای سی اور حتمی منظوری جنرل کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف پارٹی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ 

ن لیگ صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری:

مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر کے انتخاب کے معاملہ کے سلسلہ میں ن لیگ کے الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر رانا ثنااللہ خان نے کی۔ 

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی انتخاب کےلیے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا۔ 

شیڈول کے مطابق 27 مئی کو پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی اٹھائیس مئی کو صبح دس سے بارہ بجے کے درمیان جمع کروائے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوپہر ایک سے دو بجے کے درمیان ہوگی۔

شیڈول کے مطابق پارٹی کے مرکزی صدر کے انتخاب کےلیے جنرل کونسل کا اجلاس 28مئی سہ پہر چار بجے ہوگا۔

Watch Live Public News