ایمیزون کے ملازمین کیلئے ’’ورک فراہم ہوم ’’ ختم ، 5 دن دفتر حاضری لازمی

emazon stop work from home
کیپشن: emazon stop work from home
سورس: google

ویب ڈیسک : امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے اپنے ملازمین کے لیے کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی پالیسی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اب ملازمین کو ہفتے میں پانچ دن دفتر سے کام کرنا پڑے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے پیر کو اپنے پیغام میں کہا کہ کمپنی کرونا وبا سے پہلے کی پالیسی پر واپس جا رہی ہے اور کارپوریٹ ملازمین کو اگلے سال سے ہفتے میں پانچ دن دفتر میں موجود رہنا ہو گا۔

اینڈی جیسی نے ملازمین کے ساتھ شیئر کیے گئے پیغام میں کہا کہ کمپنی کی قیادت گزشتہ کئی ماہ سے اس پر غور کر رہی تھی کہ ہم کیسے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ بہتر طریقے سے رابطے میں رہ کر کام سکتے ہیں تاکہ اپنے صارفین اور کاروبار کو مزید بہتر نتائج دے سکیں۔

سی ای او ایمیزون کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کو ایمیزون کے دفاتر میں تین کے بجائے دوبارہ پانچ دن بلایا جائے۔

واضح رہے کہ کووڈ 19 کے دوران بہت سی دیگر کمپنیوں کی طرح ایمیزون کے کارپوریٹ ملازمین نے بھی گھر سے یا ریموٹلی کام کیا تھا۔ اس دوران کمپنی نے آن لائن شاپنگ میں بڑا اضافہ دیکھا تھا۔

کمپنی کے سی ای او نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جب ہم گزشتہ پانچ برسوں کو دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ یقین ہوتا ہے کہ دفتر میں ساتھ ہونے کے فوائد زیادہ ہیں۔

ایمیزون کی جانب سے اس پیغام کو اپنی ویب سائٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی دو جنوری 2025 سے نافذ العمل ہو گی۔

اس سے قبل فروری 2023 میں ایمیزون نے تمام ملازمین کو ہفتے میں تین دن لازمی دفتر آنے کی ہدایت کی تھی۔ اس پالیسی کے خلاف ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

 پیر کو اپنے بیان میں سی ای او ایمیزون نے مزید کہا کہ کمپنی نے نوٹ کیا ہے کہ ملازمین جب اکٹھے ہوتے ہیں تو ان کے لیے ایمیزون کا کلچر سیکھنا، اس پر عمل کرنا، مضبوط کرنا اور سوچ بچار کرنا آسان ہوتا ہے۔

ان کے بقول گزشتہ 15 ماہ میں جب ہم نے کم از کم تین دن دفتر سے کام کیا تو اس سے دفتر سے کام کے فوائد کے بارے میں ہمارا یقین مضبوط ہو گیا ہے۔

Watch Live Public News