صدر مملکت کے خطاب کے دوران ہنگامہ آرائی،جمشید دستی،اقبال خان کی رکنیت معطل

12:36 PM, 19 Apr, 2024

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر اسمبلی ایاز صادق نے جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت معطل کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت کے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمشید دستی اور اقبال خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ارکان نے دوران خطاب باجے بجائے اور ایوان کی توہین کی۔ جس کی وجہ سے باقی ماندہ اجلاس کیلئے جمشید اقبال اور اقبال احمد خان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔

آج ہونے والے اجلاس میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے صدر کے خطاب پر ایوان میں بحث کیلئے تحریک پیش کرنے کا موقف اپنایا اور کہا کہ ملک میں آئینی اور قانونی چیزوں کا فقدان ہے ، آئین وقانون کی پاسداری کرتےہوئے خطاب پر بحث شروع کروائی جائے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے حلف اٹھایا ہے کہ آئین کی پاسداری کریں گے، خلاف ورزی ہو رہی ہے، صدر کے خطاب پر بحث شروع کریں۔

اسپیکر نے بتایا کہ صدر کے خطاب کا ٹرانسکرپٹ آنے پر بحث کروائی جائے گی ، قادر پٹیل بولے ایک روز میں باون بل منظور کرنے والے آج ہمیں قانون کی کتابیں پڑھا رہے ہیں۔

نورعالم خان کیجانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی تاہم پورا ہونے پر کارروائی جاری رہی۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر ملک دشمنی کا ایجنڈا بنایا جارہاہے۔ خارجہ پالیسی پر وار کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز پہلی بار ایوان میں باجے بجا کر اس کی ساکھ مجروح کی گئی۔

فلور نہ ملنے پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوسمیت پیپلزپارٹی اراکین نے کچھ منٹ کا ایوان سے واک آوٹ بھی کیا۔

اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کردیا۔

مزیدخبریں