ایلون مسک کا’ایکس‘ پر ’انگیجمنٹ فارمنگ‘ میں ملوث اکاؤنٹس  کیخلاف کارروائی کا اعلان

ایلون مسک کا’ایکس‘ پر ’انگیجمنٹ فارمنگ‘ میں ملوث اکاؤنٹس  کیخلاف کارروائی کا اعلان

(ویب ڈیسک ) ایلون مسک نے ’ ایکس‘ پر ’انگیجمنٹ فارمنگ‘ میں ملوث اکاؤنٹس اور گروپس کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کے سورس کا کھوج لگایا جائے گا اور انہیں معطل کردیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ایکس‘ پر اپنے ایک پیغام میں ایلون مسک نے کہا، ’انگیجمنٹ فارمنگ میں ملوث تمام اکاؤنٹس کو معطل کردیا جائے گا اور ان کے سورس کا کھوج لگایا جائے گا۔‘

ایلون مسک کی جانب سے اس اعلان کو بیشتر سوشل میڈیا صارفین نے سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے غلط معلومات پھیلانے والوں اور کسی بھی پوسٹ کے جواب میں غیرمتعلقہ کونٹینٹ پوسٹ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور اصل یوزرز کو اپنی آواز لوگوں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔

انگیجمنٹ فارمنگ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ فالوونگ، لائیکس اور رپلائز حاصل کرنے کے لیے غلط ہتھکنڈے استعمال کرنے کے عمل کو انگیجمنٹ فارمنگ کہا جاتا ہے۔ اس عمل میں انفرادی یوزر یا صارفین کے گروپس ایک دوسرے کی مدد سے زیادہ سے زیادہ ٹویٹر اسپیس میں شرکت کرتے ہیں۔

عام طور پر سوشل میڈیا انفلوئنسرز ایک دوسرے کے کونٹینٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے اپنی غیرمتعلقہ پوسٹس کو اصل یوزرز کی جانب سے کی گئی پوسٹس کے جواب میں شیئر کرتے ہیں جس سے صارفین کی توجہ اصل موضوع سے ہٹ جاتی ہے۔ انفلوئنسرز عموماً زیادہ سے زیادہ لائیکس، ری ٹویٹس، رپلائز اور فالوونگ حاصل کرنے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔

مزید برآں، انگیجمنٹ فارمنگ میں ملوث اکاؤنٹس پس پردہ غلط معلومات پھیلانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں، یہ اکاؤنٹس مختلف پروڈکٹس کی مارکیٹنگ کے لیے بھی سوشل میڈیا اسپیس کا غلط استعمال کرتے ہیں۔