عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی، جنگ بندی کرانے میں ناکام رہی، وزیر اعظم 

عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی، جنگ بندی کرانے میں ناکام رہی، وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگ بندی کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، پاکستان کے عوام مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ   غزہ کے ذہین طلباء سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، کھلے دل سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے مصائب سے پاکستان سمیت پوری دنیا آگاہ ہے اور اس میں روز بروز شدت آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بہیمانہ مظالم جاری ہیں جس میں اب تک 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ہزاروں بچوں کو ان کی مائوں کی گود میں شہید کیا گیا ہے، کئی شہر تباہ کر دیئے گئے ہیں۔  کہ عالمی برادری ابھی تک صرف قراردادیں، تقریریں اور وعدے کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، عالمی عدالت انصاف سمیت کسی بین الاقوامی فورم نے جنگ بندی کیلئے کچھ نہیں کیا، دنیا کی تاریخ میں اس سے پہلے اتنی تباہی نہیں ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  آپ ہمارے بہن بھائی ہیں، ہمارے گھر، اساتذہ سب کچھ آپ کیلئے ہیں، ہم پاکستان میں آپ کیلئے وہ سب کچھ کریں گے جس کی آپ کو ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین اور اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے بارے میں مختلف ممالک کے صدور اور وزراء اعظم نے تقاریر کیں لیکن اس کے بعد بھی غزہ میں خون بہایا جا رہا ہے، سکولوں اور ہسپتالوں کو بمباری کرکے نشانہ بنایا جا رہا ہے، میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران مشرقی تیمور، سوڈان کے معاملہ کے حل اور تنازعہ فلسطین کے حوالہ سے عالمی برادری کے سامنے موازنہ پیش کیا، جب طاقتور ممالک چاہتے ہیں تو مسئلہ حل ہو جاتا ہے، جب وہ نہیں چاہتے تو مسئلہ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ   فلسطینیوں کی امیدیں پوری دنیا کیلئے متاثر کن ہیں، ہر خاندان سے لوگ شہید ہوئے ہیں، انتہائی افسوسناک صورتحال ہے، غزہ اور فلسطین کے لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، غزہ آئوٹ ریچ پروگرام فار ایجوکیشن کیلئے مخیر حضرات نے تعاون فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ  145 فلسطینی طالب علم پاکستان پہنچ چکے ہیں، مزید طالب علموں کی مختلف شہروں میں تعلیم کی فراہمی کیلئے ہم ان کی میزبانی کریں گے، یہ ہماری ذمہ داری ہے۔   پاکستان میں مزید فلسطینی طالب علموں کو سرکاری خرچ پر مفت طبی تعلیم فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ   فلسطینیوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں، پاکستانی آپ کے بہن بھائی ہیں جو آپ کے اپنے خاندان کی طرح آپ کی دیکھ بھال کریں گے۔

Watch Live Public News