صدرمملکت، وزیر اعظم ، وزیر داخلہ کی انقرہ میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

صدرمملکت، وزیر اعظم ، وزیر داخلہ کی انقرہ میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

(ویب ڈیسک )  صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری  نے  دُکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ تعزیت  کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے،  بزدلانہ حملے میں جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

صدر مملکت  نے   زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ  دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے،  پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کیا، پاکستان ایسی وحشیانہ کاروائیوں کے درد اور تکلیف کو سمجھتا ہے،  دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

 صدر  آصف علی زرداری نے  دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور تمام اقوام کے محفوظ مستقبل کے لیے عالمی برادری کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی مذمت: 

وزیراعظم شہباز شریف  نے انقرہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ  انقرہ دہشت گرد حملے پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، اپنے بھائی رجب طیب اردوغان اور ترکیہ کی عوام کے ساتھ دلی اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے،اس بزدلانہ فعل کی پرزور مذمت کرتا ہوں،  جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے  انقرہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور  افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے  ترکیہ کی حکومت،   وزیر داخلہ اور عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  دکھ کی گھڑی میں ترکیہ حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور علاقہ نہیں،  ہم ترکیہ  کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے  زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

Watch Live Public News