ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کی پولیس نے آکلینڈ دیوالی فیسٹیول میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' کے گانے پر بھنگڑا ڈال کر دیکھنے والوں کو بھی جھومنے پر مجبور کردیا۔
تفصیلات کےمطابق ٹریول بلاگر بھاویک بھٹ نے نیوزلی لینڈ پولیس کی اِس جاندار پرفارمنس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جسے ایک ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں،بھاویک بھٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں پولیس افسران نے شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' کے مقبول ٹریک ' جھومے جو پٹھان' پر ڈانس کرکے ہندو کمیونٹی کے تہوار کی رونق کو چار چاند لگا دیے۔
پولیس افسران نے روایتی موسیقی اور رقص کے ذریعے بھارتی ثقافت کا جشن منایا اور ہجوم کے ساتھ جھومتے ہوئے رقص کرکے خوب داد سمیٹی۔
یاد رہے کہ سال 2023 میں شاہ رخ خان نے فلم 'پٹھان' سے 5 سال بعد بالی ووڈ میں کم بیک کیا تھا اور اس فلم نے کامیابی کے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔