وزیراعظم کا امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار

وزیراعظم کا امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار
اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں آپریشن کے لئے پاکستان اپنی سرزمین نہیں دے گا. غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ امریکی افواج کے انخلاء کے بعد پاکستان سی آئی اے کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دےگا. خیال رہےکہ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی تھی۔پیر کو نشرہونیوالے ایچ بی او ایکسیوس کے جوناتھن سوان کے ساتھ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نے فوجی اڈوں کے استعمال سے متعلق پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور واضح طور پر کہا کہ اسلام آباد اس کی اجازت نہیں دے گا۔امریکہ جنگ سے دوچار علاقائی ممالک سے عسکریت پسندی پر نگاہ رکھنے کے لئے مستقبل میں ہونے والی کارروائیوں میں تعاون کے لئے بات چیت کر رہا ہے۔ اس معاملے پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کے پاس نہ تو امریکی فوجی اڈے ہیں اور نہ ہی اس طرح کی تجویز پر غور کیا ج رہا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان ایک مستحکم افغانستان چاہتا ہے ، لیکن کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جو خطے میں امن نہیں چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کو فوجی اڈے دینے سے انکار کردیا ہے اور مزید کہا کہ انہوں نے بریفنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو بتایا تھا کہ ان کا کوئی ایسا ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا "اڈوں کی تلاش ان کی خواہش ہوسکتی ہے۔ انہیں اڈے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، ہمیں اپنی دلچسپی دیکھنی ہوگی۔"

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔