اسموگ میں کمی، لاہور،ملتان ڈویژن کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارےکھل گئے

اسموگ میں کمی، لاہور،ملتان ڈویژن کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارےکھل گئے
کیپشن: اسموگ میں کمی، لاہور،ملتان ڈویژن کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارےکھل گئے

ویب ڈیسک:  پنجاب میں سموگ کی شدت میں کمی آگئی جبکہ لاہور اور ملتان کی فضا بدستور آلودہ ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر کے شہروں میں آج بھی دوسرے نمبر پر ہے، لاہور کا اے کیو آئی 252ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر اولیاء ملتان میں آلودگی کی شرح 286ہوگئی۔

شمال مغربی ہوائیں اور حکومتی اقدامات سے ایئر کوالٹی میں بہتری، لیکن اب بھی مضر صحت ہے،درجہ حرارت میں اضافے اور نمی میں کمی سے ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے کی توقع ہے۔

لازمی محکمہ ماحولیات نے عوام کو غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے،این 95 ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، بھاری ورزش سے اجتناب کریں،بچوں اور بوڑھوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ جانے دیں،گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں، کھلی جگہوں پر نہ رہیں،گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بروقت مینٹیننس کروائیں۔

لازمی محکمہ ماحولیات کا کہنا ہےکہ سانس یا دل کی بیماری میں مبتلا افراد ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر باہر نہ نکلیں،عوام سے دھوئیں کے خلاف فوری شکایت کے لیے ہیلپ لائن 1373 پر رجوع کریں۔

فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھل گئے

پنجاب میں اسموگ کی شدت میں کمی کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھول دیے گئے جبکہ لاہور اور ملتان ڈویژن میں اسکول بدستور بند رہیں گے، دوسری جانب صوبے میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات میں رات 10 بجے تک نرمی کردی گئی، ڈائن ان اور ٹیک اوے کی سہولت بھی رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی۔

اسموگ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی لاہور اور ملتان کے علاوہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھل گئے، پنجاب حکومت نے بند کیے گئے تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم لاہور اور ملتان ڈویژن میں یہ پابندی برقراررہے گی۔

اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں نئے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

ایس اوپیز کے تحت اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے، آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، ایجوکیشن اتھارٹیز کلاسز کے اعتبار سے چھٹی کے اوقات جاری کریں گے جبکہ ایس اوپیز کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 6 نومبر کو بڑے شہروں میں اسکول بند کر دیے تھے، بعدازاں تعلیمی اداروں کو 24 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت

دوسری طرف تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی جبکہ محکمہ ماحولیات نے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

سموگ:24گھنٹے میں 49مقدمات '26افراد گرفتار'9کروڑسےزائدکےجرمانہ

 ترجمان پنجاب پولیس  کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں اسموگ کریک ڈاؤن کے دوران 49 مقدمات درج  ہوئے اور  26 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 630 افراد کو تقریبا 15 لاکھ 13 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد  ہوئے اور  143 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔

ترجمان پنجاب پولیس  کا کہنا ہےکہ فصلوں کی باقیات جلانے کے 26،  زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 530 خلاف ورزیاں ہوئیں۔صنعتی سرگرمی کی 01 ، اینٹوں کے بھٹوں کی 19 اور دیگر مقامات پر 04 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔رواں برس انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں مجموعی طور پر 2778 ملزمان گرفتار، 3358 مقدمات درج کئے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس  کا کہنا ہےکہ 35659 افراد کو مجموعی طور پر 09 کروڑ ، 08 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے گئے ۔6452 افراد کو وارننگ جاری کی گئی ۔فصلوں کی باقیات جلانے کی 1834، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 28535 خلاف ورزیاں ہوئیں ۔صنعتی سرگرمی کی 336 ، اینٹوں کے بھٹوں کی 1314، دیگر مقامات کی 310 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔

ترجمان پنجاب پولیس  کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی 6259 گاڑیوں کے چالان، 391 کو بند جبکہ 08 فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کئے گئے۔رواں برس شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی 08 لاکھ ، 06 ہزار 233 گاڑیوں کے چالان کئے گئے،01 لاکھ 65 ہزار 714 گاڑیوں کو بند ، 10 ہزار 43 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کئے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز ، زرعی سمیت دیگر مقامات پر انسداد اسموگ کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت سخت کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

Watch Live Public News