ویب ڈیسک:(جوادملک) جان کو خطرہ، گھر پر 30 گارڈز، بگ باس کی ریکارڈنگ کے موقع پر 60 گارڈز تعینات ہوں گے۔ سلمان خان نے دبئی سے 7کروڑ مالیت کی بلٹ پروف نسان پٹرول ایس یو وی امپورٹ کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ خان یعنی سلمان خان کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد باندرہ میں واقع ان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ہائی ٹیک ہتھیاروں کے ساتھ تقریباً 30 پولیس اہلکار گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکار AK-47 جیسے ہتھیاروں کے ساتھ گلیکسی اپارٹمنٹ کے ارد گرد موجود ہیں۔
اسی طرح سلمان خان ویک اینڈ کا وار کی میزبانی کے لیے سخت سیکیورٹی کے درمیان بگ باس کے سیٹ پر پہنچے ہیں۔ ریکارڈنگ کے موقع پر 60 گارڈز تعینات کئے گئے تھے، اس کے ساتھ ہی سلمان خان کی ٹیم، سیکیورٹی اور پروڈکشن ٹیم نے اداکار کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز ترتیب دئیے ہیں۔
آدھار کارڈ کے بغیر کسی کو بھی شو میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ بگ باس 18 کے عملے کو کہا گیا ہے کہ شوٹنگ ختم ہونے تک کوئی بھی اپنی جگہ سے نہیں ہٹے گا۔
سلمان خان کی وائی پلس سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس میں پولیس کی گاڑی بھی سلمان خان کے ساتھ 24 گھنٹے رہے گی۔ اس میں موجود فوجی ہتھیاروں سے لیس ہیں۔
دوسری طرف سلمان خان نے اپنے لئے دبئی سے 7 کروڑ کی مالیت کی بلٹ پروف نسان پٹرول ایس یو وی امپورٹ کی ہے۔
یادرہے جمعہ کو ممبئی ٹریفک پولیس کو بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے نام دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جس میں اداکار سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا تاوان مانگا گیا ہے۔ ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا کہ اسے ہلکے میں نہ لیں۔ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔
پیغام میں مزید خبردار کیا گیا کہ اگر رقم نہ دی گئی تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی۔
اس سے قبل جمعرات کو نئی ممبئی کی پنویل پولیس نے شوٹر سکھا کو پانی پت، ہریانہ سے گرفتار کیا تھا۔ سکھا اس سے پہلے سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس کی ریکی کرنے والے اور فائرنگ کرنے والے ملزموں کے ساتھ شامل تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں نوی ممبئی لایا گیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔