لاہور (پبلک نیوز) ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات طے پانا ملک وقوم کے لیے خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان واحد سربراہ جنہوں نے توہین رسالت کا مسئلہ پہلے بھی موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ سمجھوتے کی بدولت چند دنوں سے پائی جانے والی مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا ہے، عوام کو آمدورفت اور نقل و حمل کے حوالے سے موجود شدید مشکلات ختم ہوئی ہیں، ختم نبوت پر پختہ عقیدے کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عقیدہء ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، ٹی ایل پی کے ساتھ جو فیصلے ہوئے ہیں ان پر فریقین ہر ممکن عملدرآمد یقینی بنائیں گے،ایسے مشکل حالات میں اپوزیشن کا سیاست چمکانا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ختم نبوت کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ہمارے دین اور ایمان کا لازمی جزو ہے، ٹی ایل پی کے ساتھ حکومتی سمجھوتے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنا دیا ہے، کسی بھی مہذب معاشرے میں قانون کی عملداری کو مقدم سمجھا جاتا ہے، اپوزیشن کوملک وقوم کی سلامتی کے خلاف کسی بھی مسئلہ پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔