اسلام آباد ہائیکورٹ کا عید کی چھٹیوں میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عید کی چھٹیوں کے دوران گرفتاری روکنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ۔عید کی چھٹیوں میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیدیا اور حکومت کونوٹس بھی جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا گیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے ۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ سراج الحق زمان پارک آئے مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی ، اگلی صبح ہم نے دیکھا تحریک انصاف سندھ کے صدر کو اٹھا لیا گیا ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریماکس دئیے کہ اس واقعے سے یہ ظاہر ہے کہ ایک ”بیڈ ٹیسٹ“ پیدا ہوا ۔ وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ عید کی 5 چھٹیوں میں پھر یہ کوئی آپریشن کریں گے ۔ چیف جسٹس نے ریماکس دئیے کہ مقدمات کی تفصیلات طلب کرسکتا ہوں اور کوئی خالی آرڈرکیسے کروں ؟ بعد ازاں عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست عید کے بعد تک زیرالتوارکھنے کی استدعا منظور کرلی ۔عمران خان کی درخواست 27 اپریل کو دوبارہ سماعت کے لئے مقررکر دی گئی ہے ۔