اضافی ٹیکسز بحالت مجبوری لگائے گئے،اسحاق ڈار

اضافی ٹیکسز بحالت مجبوری لگائے گئے،اسحاق ڈار
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اضافی ٹیکسز بحالت مجبوری لگائے گئے، کوئی شک نہیں کہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے دس دن تک آئی ایم ایف سے مزاکرات کئے، کوشش کی کم سے کم ٹیکسز لگائے جائیں، بجلی کی پیداواری قیمت ریکور نہیں ہورہی جس کی وجہ لائن لاسز، بجلی چوری اور عدم ادائیگی ہے، ہم بجٹ کے اہداف پورے کریں گے۔ اسحاق ڈر نے کہا کہ اضافی ٹیکسز بحالت مجبوری لگائے گئے، کوئی شک نہیں کہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے، ماضی کی معاشی پالیسیوں نے مسائل پیدا کئے، آئی ایم ایف سے معاہدہ گزشتہ حکومت نے کیا، گزشتہ حکومت نے معاہدہ کی شرائط سے انحراف کیا، جو کمٹمنٹس ہوتی ہیں ان کو پورا کرنا ہی زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی رقم میں چالیس ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اگلے چند یوم میں وزیراعظم حکومتی اخراجات کم کرنے کا پروگرام ایوان میں پیش کریں گے، کفایت شعاری اور بچت کا پروگرام اعلان کریں گے، مشکل اقدامات کے ذریعے قرضے کم کرنا ہوں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کینیڈا کے لئے کلب کلاس ایئر ٹکٹ پر اڑھائی لاکھ ٹیکس لگایا گیا ہے، افریقہ اور مڈل ایسٹ کے ٹکٹ پر 75 ہزار روپے کلب کلاس کے لئے لگائی گئی ہے، یورپ کے لئے کلب کلاس کی ایئر ٹکٹ پر ڈیڑھ لاکھ ٹیکس لگایا گیا ہے، یہ سب ایڈجسٹ ایبل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیئرز کی فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس دس فیصد رکھا گیا ہے، سگریٹ پر ایف ای ڈی کے لئے قانون میں اضافہ کیا گیا ہے کہ ہر سگریٹ کمپنی اپنے ہر برانڈ پر طے شدہ ٹیکس ادا کرے گی، کھانے پینے کی اشیاء پر اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے شئیر پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیاہے۔ سگریٹ پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز ہے، اس حوالے سے ترمیم لارہے ہیں۔ ضمنی مالیاتی بجٹ میں پاور سیکٹر کی وجہ سے 170 ارب کے ٹیکس لگانے پڑے۔ یقین ہے کہ بل پاس ہونے سے مالی مشکلات سے ملک کو نکالیں گے ، ملک جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔