پبلک نیوز: سکھ مذہب کے روایتی تہوار ساکا کی سو سالہ تین روزہ تقریبات آج اختتام پذیر ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب کا اہتمام ہوا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے مشترکہ طور پر تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں اندورن و بیرون ملک سے سیکڑوں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔
پردھان پی ایس جی پی سی سردار ستونت سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت نے سکھوں کو پاکستان آنے سے روک کر سوسالہ قبل ہونے والے ظلم کی یاد تازہ کر دی۔ بھارت آج بھی اقلیتوں کے ساتھ ظلم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ترجمان وقف املاک بورڈ عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے بھارت سمیت دنیا بھر آنے والے سکھ یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں۔
سکھوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور بہترین انتظامات پر حکومت اور ٹرسٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ سکھوں نے اکنٹھ پات کرتے ہوئے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔
سکھ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سکھ مسلم دوستی کا تختہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے۔