(ویب ڈیسک ) حزب اللّٰہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی تدفین 23 فروری کو بیروت میں کی جائے گی۔
سربراہ حزب اللّٰہ نعیم قاسم کے مطابق حسن نصر اللّٰہ اور ہاشم صفی الدین کی نمازِ جنازہ بڑے اجتماع میں ہو گی۔پاکستانی وقت کے مطابق جنازے کا اجتماع شام 4 بجے بیروت اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہو گا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اجتماع سے حزب اللّٰہ کے سربراہ نعیم قاسم خطاب کریں گے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق بیروت ایئر پورٹ جنازے اور تدفین کے دن دوپہر 12 سے شام 4 بجے تک بند رہے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن نصر اللّٰہ کی تدفین سے قبل بغداد سے بیروت کی پروازوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حسن نصر اللّٰہ کی نمازِ جنازہ میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی شریک ہوں گے۔
حزب اللّٰہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید حسن نصر اللّٰہ کے جنازے کا اجتماع ایک تاریخی دن اور موقع ہو گا، لوگوں کی شرکت بہت بڑی تعداد میں ہو گی، اسرائیل دیکھے گا کہ ہم خوفزدہ نہیں۔
یاد رہے کہ سیدحسن نصر اللّٰہ 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کے بعد امانتاً تدفین کی گئی تھی۔