'عمران خان اپنی حد میں رہیں ابھی جمعیت والے زندہ ہیں'

'عمران خان اپنی حد میں رہیں ابھی جمعیت والے زندہ ہیں'
بنوں : پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی حد میں رہیں ابھی جمعیت والے زندہ ہیں، ہم زمین اتنی گرم کر دیں گے کہ آپ پاؤں نہیں رکھ سکیں گے۔ بنوں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کو آرام سے ایک لمحہ بھی نہیں گزارنے دیں گے، ہمیں ان کے آقاؤں کا اور ان کی ڈوریں ہلانے والوں کا پتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے اتارنا پاکستان سے وفاداری ہے، تم اگر اقتدار میں آنے کی خواہش رکھتے ہو تو کبھی پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری عمران خان کا ساتھ نہ دیں بلکہ میدان میں آکر ملک کی وفادار قوتوں کا ساتھ دیں۔ پی ڈی ایم سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو جگائیں اور انہیں حرکت میں لائیں ابھی بہت کیسز پڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف شرائط میں رکاوٹ ڈالنی چاہیے تھی، کرب کا شکار ہوں کہ کس طرح عام آدمی کو ریلیف دے سکیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔