اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ۔ سویلننز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیخلاف درخواستوں کا معاملہ ، سپریم کورٹ نے آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ آج کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے کیس کے میرٹس پر دلائل دئیے ، دلائل کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ دوران تحقیقات زیر حراست افراد کو سزائے موت یا سخت سزا نہیں دی جائے گی ۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ آج کی تاریخ تک زیر حراست افراد کا ٹرائل شروع نہیں ہوا ، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت کو بتائے بغیر ٹرائل شروع نہیں کیا جائے گا، اٹارنی جنرل کے مطابق ملٹری کورٹس میں ملزمان کو اپنی مرضی کا پرائیویٹ وکیل کرنے کی اجازت ہوگی۔ سپریم کورٹ نے حکمنامے میں کہا ہے کہ ملزمان کے ٹرائل کے دوران لیگل ٹیم اور فیملی کو رسائی حاصل ہوگی، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ عام دائرہ اختیار کی فوجداری عدالتوں پر لاگو قانون کے مطابق زیر حراست افراد کا ٹرائل ہوگا۔