ویب ڈیسک: گزشتہ روز باقاعدہ کورٹ مارشل میں چارج شیٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے وکیل سے متعلق اہم معلومات منظرعام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ نے میاں علی اشفاق کو اپنا وکیل مقرر کر دیا ہے۔ میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے وائس آف امریکا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید نے ان کو اپنا وکیل نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ علی اشفاق اس سے قبل صحافی عمران ریاض سمیت متعدد اہم شخصیات کے وکیل رہ چکے ہیں۔عمران ریاض کی بازیابی سے لیکر مقدمات میں ضمانت تک انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب نو مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی کے سو سے زائد کارکنوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع کی گئی تھی جو اب زیرالتوا ہیں۔
فوج نے اگست میں ہی فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کے دوران مزید تین سابق فوجی افسران کو تحویل میں لینے کا اعلان کیا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں چکوال سے تعلق رکھنے والے بریگیڈیئر نعیم اور بریگیڈیئر غفار سمیت کرنل ریٹائرڈ عاصم شامل ہیں۔ تاہم ان تینوں افسران کے وکلاء اور کورٹ مارشل میں فرد جرم عائد ہونے سے متعلق ابھی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔