کوٹہ سسٹم کیخلاف یواےای میں احتجاج کرنے والے بنگلہ دیشی شہری گرفتار

کوٹہ سسٹم کیخلاف یواےای میں احتجاج کرنے والے بنگلہ دیشی شہری گرفتار
کیپشن: کوٹہ سسٹم کیخلاف یواےای میں احتجاج کرنے والے بنگلہ دیشی شہری گرفتار

ویب ڈیسک: میرٹ پر ملازمتوں کے مطالبے پر بنگلہ دیش میں احتجاج کے دوران مارے گئے طلبہ کے حامی متحدہ عرب امارات میں بھی جمعہ کے روز پکڑ دھکڑ کا نشانہ بن گئے۔ 

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘‘وام‘‘ کے مطابق یہ گرفتاریاں اس وقت کی گئیں جب بنگلہ دیشی شہریوں نے جمعہ کے روز گلیوں میں نکل کر احتجاج کیا۔

متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حماد سیف الشمسی نے فوری طور پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ بیان کے مطابق زیر حراست لیے گئے بنگلہ دیشی شہریوں پر الزام ہے کہ انہوں نے عوامی مقامات پر اجتماع کیا اور اپنے ملک کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ نیز بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی، قانون کی عمل داری میں رکاوٹ بنے اور انفرادی حقوق کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے ٹریفک کو ڈسٹرب کیا۔

ان افراد پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر نقل وحمل میں رکاوٹ ڈالی، اشتعال انگیزی کی جبکہ احتجاج کی ویڈیوز آن لائن استعمال کیں۔

خیال رہے یہ اقدامات اماراتی قانون کے مطابق قابل دست اندازی پولیس جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے الزامات کے تحت فوری مقدمات کے ساتھ عدالتی سماعت کا حکم دیا ہے۔

ادھر بنگلہ دیش میں یہ صورت حال ہے کہ میرٹ کے بجائے کوٹہ سسٹم کے تحت مخصوص افراد کے بچوں کو ملازمت دینے کے اعلان کے خلاف طلبہ اور روزگار سے محروم رکھے گئے افراد کے احتجاج میں ان کے والدین اور عام لوگ بھی شامل ہو گئے ہیں۔ ان کا مطالبہ یہ ہے کہ ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے اور میرٹ پر روزگار کے مواقع سب کے لیے یکساں کیے جائیں۔

تاہم اب بنگلہ دیشی سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ 

Watch Live Public News