(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کے لیے انتظامات مکمل کرلئے گئے، وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو بیان میں کہا انہیں افسوس ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہمارے اقدام کو سپورٹ نہیں کررہی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے کرغزستان میں پھنسے اپنے لوگوں اور بچوں کو لانے کے لئے پیمنٹ کی ہوئی ہے، نہایت افسوس ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی ہمارے اقدام کو سپورٹ نہیں کررہی ،کل سے ہماری ایئربس تیار کھڑی ہے، بشکیک سے بھی سب کچھ آچکا ہے، ہمارے بندوں کی لسٹیں آچکی ہیں، وہ وہاں پر موجود ہیں اور اس کے باوجود یہ جو بھی کررہے ہیں ٹھیک نہیں کررہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بچوں کے مستقبل کا سوال ہے، یہ کوئی سیاسی کہانی نہیں ہے، وفاقی حکومت ہمارے اقدامات کو ڈیلے کرنے کی بجائے سہولت کاری کرے،لوگوں کے بچے ہیں یہاں ان کے والدین انتظار کررہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ہماری دو فلائٹیں آبھی جانی تھیں اگر وفاق نے ہمیں سپورٹ کیا ہوتا،سول ایوی ایشن اتھارٹی روڑے اٹکا رہا ہے وہاں سب کلیئر ہے، ہماری دو فلائیٹں کے علاوہ ایک سندھ کی بھی ہے اس کا ڈیٹا بھی ہمارے پاس موجود ہے اور ایک فلائیٹ پنجاب جانی ہے۔
— Mughees Ali (@mugheesali81) May 21, 2024