لاہور ( پبلک نیوز) ذرائع کے مطابق گیس بحران میں مذید اضافے کا امکان ہے۔ ایل این جی ٹرمینل پر جہازوں کی آمد 50 فیصد کم ہو گئی۔ پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل سے یومیہ 330 ملین مکعب فٹ گیس کم ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ روز سے ایل این جی سپلائی میں کمی ہو گئی۔ جنوری تک ایل این جی جہازوں کی آمد 50 فیصد تک کم رہے گی۔ پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل پر ماہانہ 6 جہازوں کی آمد رہتی ہے۔ 50 فیصد کمی کے بعد یہ تعداد 3 رہ گئی ہے۔ پورٹ قاسم ٹرمینل پر اگلا جہاز 25 نومبر کو آئے گا۔ دوسری جانب گیس بحران نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا۔ ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے سے خواتین کا کھانا پکانا دشوار ہوگیا۔ مہنگائی کے ہاتھوں پستے عوام اب گیس نہ ہونے کی وجہ سے سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی پکانا بھی اب مشکل ہوگیا۔ بے بس عوام کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کا کھانا نہیں خرید سکتے۔ سلنڈر بھی قوت خرید سے باہر ہے۔ حکومت مسئلے کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے۔