پولیس کے سامنے ریسٹورنٹ انتظامیہ کا خواتین پر تشدد

پولیس کے سامنے ریسٹورنٹ انتظامیہ کا خواتین پر تشدد
کراچی (پبلک نیوز) شہر قائد کے علاقہ ناظم آباد الحسن چوک پر قائم ایک ریسٹورنٹ انتظامیہ نے پولیس کے سامنے خواتین اور ایک شخص کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا، پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے۔ شہری نے گذشتہ روز ناظم آباد میں ہونے والے جھگڑے کی ویڈیو وائرل کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑا سڑک پر کرسیاں ٹیبل لگا کر سڑک جام کرنے پر پیش آیا۔ ویڈیو میں شہری کے سر پر ٹیبل اور خواتین کو کرسی مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دیگر تماشائیوں کے ساتھ 2 پولیس اہلکار بھی نظر آ رہے ہیں۔ مرد کو بچانے کی کوشش کرنے والی خواتین پر کرسیاں پڑتی رہیں اور سب کھڑے تماشا دیکھتے رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کووڈ میں بھی 24 گھنٹے کھلا رہنے والا ہوٹل اذیت بن گیا ہے، اوباش نوجوانوں کی وجہ سے کوئی خاتون یہاں سے نہیں گزر سکتی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے دونوں فریقین میں صلح کرانے کی کوشش جاری ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔