کارساز حادثہ : گورنر سندھ کا متاثرہ خاندان کی قانونی امداد کا اعلان

کارساز حادثہ : گورنر سندھ کا متاثرہ خاندان کی قانونی امداد کا اعلان

(ویب ڈیسک ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کوئی کتنا بھی طاقتور ہو اللہ کی طاقت سے نہیں بچ سکتا، میں بطور گورنر سندھ عمران عارف کے خاندان کے ساتھ ہوں ۔ انصاف ہوتا ہوا نظر نہ آیا تو ہم انکو بڑے سے بڑا وکیل کر کے دیں گے ۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کارساز حادثے میں جاں بحق  باپ بیٹی کے گھر پہنچ گئے اور  ورثاء سے تعزیت کی۔آمنہ کے بھائی سے واقعے سے متعلق معلومات لی۔

کزن نے گورنر سندھ کو بریفنگ دی کہ   خاتون نے پان کے کیبن سے سگریٹ خریدی ہے، سگریٹ خریدنے کے بعد ایکسیلیٹر دیا اور کار اسپیڈ میں گئی ۔

بعد ازاں گورنر سندھ  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آج میں عمران عارف کے گھر تعزیت کے لیے آیا ہوں ، کیس اب عدالت میں ہے اور عدالت کو انصاف کرنا ہوگا ، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے ۔

انہوں نے کہا کہ  میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے کہتا ہوں کہ کیس میں انصاف کریں ، انصاف نہ ہوا تو پوری قوم کا اعتماد اٹھ جائے گا ۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ کوئی کتنا بھی طاقتور ہو اللہ کی طاقت سے نہیں بچ سکتا ۔ میں بطور گورنر سندھ عمران عارف کے خاندان کے ساتھ ہوں ، انصاف ہوتا ہوا نظر نہ آیا تو ہم انکو بڑے سے بڑا وکیل کر کے دیں گے ، وکیل کی فیس دینے کے لیے میں تیار ہوں ۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہم عدلیہ کی کاروائی دیکھیں گے کہ کتنا انصاف ملتا ہے ، کہا جاتا ہے کہ طاقتور کو جلدی انصاف ملتا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو سفید پوشی کے ساتھ اپنا گھر چلا رہے تھے ،   شہریوں کو پیغام دوں گا کہ شہری بغیر لائسنس اپنے بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں، شہری سڑکوں پر تیز رفتار گاڑیاں چلانے سے گریز کریں۔

Watch Live Public News