ویب ڈیسک: دنیا کے امیر ترین شخص اور سوشل میڈیا کمپنی ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ریاست ہائے متحدہ کا قومی قرضہ ریکارڈ توڑ 36.17 کھرب ڈالر تک پہنچ گیا۔ ایلون مسک نے پیشگوئی کی ہے کہ بڑھتے ہوئے قرضوں کے باعث امریکا دیوالیہ ہونے جارہا ہے۔ قرضوں کے سبب امریکی ڈالر ''بے وقعت'' بن سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کو انٹرویو دیا ہے۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ابھی سے توجہ نہ دی تو بڑھتے قرضے ڈالر اور معیشت کیلئے تباہ کن ثابت ہوں گے۔ امریکی قرض پر سود کی ادائیگیاں حکومت کی کُل آمدنی کا 23 فیصد ہوگئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی قرض پر سود کی ادائیگیوں کے تناسب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اگر ایکشن نہ لیا گیا تو پورا امریکی بجٹ محض سود کی ادائیگی میں استعمال ہو جائے گا۔ سوشل سیکورٹی یا صحتِ عامہ جیسے اہم پروگراموں کیلئے کوئی فنڈز نہیں بچیں گے۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ مالی سال 2024ء میں امریکی حکومت کی کُل آمدنی 4.92 کھرب ڈالر تھی۔ مالی سال 2024ء میں امریکی حکومت نے سود کی ادائیگیوں پر 1.12 کھرب ڈالر ادا کیے۔
ایلون مسک نے شہریوں کو ریئل اسٹیٹ، اسٹاکس اور سونے میں سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ دیدیا۔
دوسری جانب جے پی مورگن جیسے ماہرین کے مطابق امریکا ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔