بحیرہ احمر میں تیراکی کرتے اطالوی سیاحو ں پر شارک کا حملہ، ایک ہلاک

italian tourist killed by shark in egypt
کیپشن: italian tourist killed by shark in egypt
سورس: google

ویب ڈیسک : مصر میں حکام کا کہنا ہے کہ  بحیرہ احمر کے ساحل پر شارک مچھلی کے حملے میں ایک اطالوی سیاح ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

قاہرہ میں وزارت ماحولیات نے ایک بیان میں کہا، "شمالی مارسہ کے عالم کے علاقے میں دو غیر ملکیوں پر شارک نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی اور دوسرے کی موت ہو گئی۔"اطالوی میڈیا کے مطابق متاثر ہونے والے دونوں افراد اطالوی شہری تھے۔

مصر کی وزارت ماحولیات نے مزید کہا کہ حملہ گہرے پانی میں ہوا، جو کہ مشہور تفریحی شہر مارسہ عالم میں جیٹی (سمندر میں بندرگاہ کی حفاظت کے بند) کے قریب ایک سوئمنگ زون سے باہر کا علاقہ ہے۔

 رپورٹ کے مطابق اس حملے میں روم سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ شخص غوطہ خوری کے دوران ہلاک ہو گئے۔  وہ مصر میں اپنے خاندان کے ساتھ کرسمس کی تعطیل گزار رہے تھے اور 21 دسمبر کے روز ہی اپنی سالگرہ منائی تھی۔

اس حملے میں ایک 69 سالہ شخص زخمی بھی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے پورٹ غالب کے ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔

اس دوران مصر کے حکام نے واقعے کے بعد علاقے کو تیراکوں کے لیے دو دن کے لیے بند کر دیا ہے۔

بحیرہ احمر کی سمندری زندگی کچھ اس نوعیت کی ہے کہ یہ غوطہ خوروں میں کافی مقبول ہے۔ تاہم بحیرہ احمر میں شارک کے حملے نسبتاً کم ہوتے ہیں۔ ایک آزاد ادارے شارک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 10 سالوں کے دوران بحیرہ احمر میں شارک کے حملوں کی وجہ سے چار ہلاکتوں کی تصدیق ہوتی ہے۔

Watch Live Public News