ویب ڈیسک :روحانی پاکیزگی حاصل کرنے کیلئے چلے کے دوران میکسیکن اداکارہ مینڈک کا زہر پینے سے ہلاک، ڈاکٹر بھی جان نہ بچا سکے۔
رپورٹ کے مطابق 33 سالہ ادکارہ مارسیلا الکازر روڈریگز نے جنوبی امریکا کے روایتی چلے ’’ کامبو’’ میں شرکت کی تھی ۔
روحانی پاکیزگی اور جسمانی صفا ئی کے حصول کے لئے کئے جانے والے کامبو چلے میں رسم کے دوران پانی پینا، جسم کو ہلکے ہلکے کٹ لگانا ، اور جسم کو زہریلے مادوں سے پاک کرنے کے لیے ایمازون کے مینڈک کے زہر کا استعمال شامل ہے۔
مارسیلا نے گذشتہ روز جوں ہی زہر استعمال کیا ان کی حالت خراب ہونا شروع ہو گئی، انہیں شدید اسہال شروع ہوگئے جس پر انہیں اسپتال منتقل کا گیا مگر ڈاکٹر ان کی جان نہ بچا سکے۔
کامبو کی رسم کیسے ادا کی جاتی ہے؟
رسم میں حصہ لینے والوں کو ایک لیٹر سے زیادہ پانی پینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان کی جلد پر چھوٹے کٹ لگائے جاتے ہیں، جس کے بعد ان زخموں پر مینڈک کی بلغم لگائی جاتی ہے۔
بلغم، جس میں زہر ہوتا ہے، بلڈ پریشر کو بڑھاتا ہے اور بعض صورتوں میں اسہال کا سبب بھی بنتا ہے۔ دیگر علامات میں بے ہوشی، چکر آنا، ہونٹ اور چہرہ کی سوجن شامل ہیں۔ عام طور پر یہ علامات تقریباً آدھے گھنٹے تک رہتی ہیں۔
مارسیلا کے ساتھ کیا ہوا؟
رسم شروع کرنے کے فوراً بعد، مارسیلا روڈریگز نے مبینہ طور پر زہر پیتے ہی الٹیاں شروع کردیں اور بالآخر شدید اسہال کا شکار ہو گئیں - ان علامات کو اکثر جسم کی اندرونی صفائی کے عمل کے دوران "شفا بخش" ردعمل سمجھا جاتا ہے۔
ان کے ایک دوست نے انہیں طبی مدد لینے کی صلاح دی ۔چلے میں شریک شامان نے انہیں بتایا کہ وہ عمل کو ادھورا چھوڑ کرنہیں سکتی ۔ تاہم اس کی حالت خراب ہونے کے بعد شامان فرار ہو گیا۔ پولیس اب شامان کو تلاش کر رہی ہے۔
اداکارہ کو خراج تحسین
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، ڈورنگو فلم گلڈ نے اداکارہ کو ان کے بے وقت انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا۔ گلڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ، " مارسیلا فلم میں کام کرنے سے محبت کرتی تھی اور ان کی موت نے ان کے دوستوں کے دلوں میں ایک خلاء چھوڑ دیا ہے۔