(ویب ڈیسک) مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ایسی کسی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی جو بنیادی حقوق کے منافی ہو۔
مولانا عبدالغفور حیدری میں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترامیم پر جے یو آئی نے اپنا واضح موقف دیا، ہم نے پوری قوم کو مشکل سے بچا لیا ہے۔ آئین کو کھیل نہ بنائیں، اگر ترمیم کرنی ہے تو تقاضے بھی پورےکریں۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی ایسی کسی ترمیم کا حصہ نہیں جو بنیادی حقوق کے منافی ہو، آئین میں آرڈیننس کی کوئی اہمیت نہیں اور اسے صرف وقتی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دو نوجوان پوری قومی شاہراہ بند کر دیتے ہیں، بلوچستان کے حالات اس نہج پر کیسے پہنچے؟ بلوچستان کے وسائل پر وفاق نے قبضہ کیا ہوا ہے، طاقت کا استعمال کیا جائے گا تو مزید خرابیاں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کےذریعے بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سنجیدہ مطالبات کو دیکھ کرانہیں حل کیا جائے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ کچے کا چھوٹا سا علاقہ ہے مگر آئے دن لوگوں کو اغوا کیا جاتا ہے، ان علاقوں میں کہیں بھی حکومت کی رٹ دکھائی نہیں دے رہی۔
ان کاکہنا تھا کہ حکومتی عہدیدار اعتراف کرچکے ہیں کہ حکومت نہیں چل رہی، یہ حکومت مزید نہیں چل سکتی اس لیے فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔