کابل ( ویب ڈیسک ) کابل ایئر پورٹ کے شمالی دروازے پر فائرنگ ، سکیورٹی فورس کا اہلکار مارا گیا، متعدد زخمی ۔ افغان طالبان نے امید ظاہر کی ہے کہ 31 اگست تک امریکی افواج افغانستان سے انخلا مکمل کر لیں گے جبکہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اب تک 30 ہزار افراد کو افغانی شہریوں سمیت نکالا جا چکا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کابل ائیر پورٹ پر مسلح افراد کی امریکی اور جرمن فوج سے جھڑپ ہوئی ہے جس میں ایک سکیورٹی اہلکار کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے بتایا گیا ہےکہ جولائی کے آخر سے لیکر اب تک افغانستان سے تقریبا 30 ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے جس میں بہت بڑی تعداد افغان شہریوں کی بھی ہے، جنہیں پناہ دینے کیلئے کارروائی جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہی افغانستان سے 23 امریکی فوجی طیاروں کے ذریعے 3 ہزار 9 سو افراد کو نکالا گیا ہے۔ طالبان حکومت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غیر ملکی افواج 31 اگست تک مکمل انخلا کیلئے کوششیں کر رہی ہیں اور ہم ان کوششوں میں ان کے ساتھ ہیں، تاحال امریکی افواج کی طرف سے اس تاریخ میں توسیع نہیں مانگی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ مقررہ تاریخ کے اندر ہی انخلا مکمل ہو جائے گا، کابل ائیر پورٹ پر افسوسناک واقعات امریکی افواج کی موجودگی کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔