صدرمملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی شہیدپولیس اہلکاروں پرحملے کی مذمت

صدرمملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی شہیدپولیس اہلکاروں پرحملے کی مذمت
کیپشن: صدرمملکت،وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی شہیدپولیس اہلکاروں پرحملے کی مذمت

ویب ڈیسک: گزشتہ روز کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے پولیس کے قافلے پر حملے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے جس پرصدرمملک آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری کی مذمت: 
صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت  کی ہے۔انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

 صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی  کی ضرورت پر زور  دیا۔انہوں نے کہا کہ     پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔   پولیس اہلکاروں کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے حملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں. وزیرِ اعظم نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کاروائی کی ہدایت کردی۔وزیرِ اعظم نے حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں. مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے.

وزیر اعلی پنجاب کا ردعمل : 
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اوردکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ماچھکہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت  کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف  نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم بھی دے دیا۔

مریم نواز نے   زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی اور   آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت: 
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور  زخمی پولیس اہلکاروں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ  شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

آئی جی پنجاب کا نوٹس: 
ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے  نوٹس لیتے ہوئے   آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ  کچہ کے علاقے میں پولیس کی 02 گاڑیاں ہفتہ وار ڈیوٹی کرکے واپس آ رہی تھیں، ایک گاڑی خراب ہوئی، اچانک راکٹ لانچرز سے حملہ ہوا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ   ابھی تک پولیس کے 05 سے 06 اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات ہیں، ڈی پی او رحیم یار خان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں،مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رحیم یار خان میں دو پولیس وینز پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسپیکر نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان کا سن کر دل رنجیدہ ہے،میری تمام تر دل ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے  ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

سردار ایاز صادق  نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،ملک و قوم کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ایسے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا،اسپیکر نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔

قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ 

قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے  رحیم یار خان میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے،دہشتگردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں.اپنا آ ج قوم کے پر امن کل پر قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام ۔

قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان 

قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کی۔

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کی بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی اور کہا کہ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ر اغب حسین نعیمی 

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ر اغب حسین نعیمی نے رحیم یار خان میں پولیس وینز پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت  کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان کا سن کر دل رنجیدہ ہے،غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے  ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،ملک و قوم کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،چیئرمین کونسل راغب حسین نعیمی کی شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی ہے۔

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین 

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کچے میں پولیس اہلکاروں کی راکٹ حملے میں شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں پر حملہ کرنیوالے عناصر کیخلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،حکومت پنجاب پولیس اہلکاروں پر حملہ آوروں کو قرار واقعی سزا دے گی،وطن کے محافظوں پر حملہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان 

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے رحیم یار خان میں پولیس کی گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عمر ایوب خان نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس فورس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، حملے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان کا سن کر دکھ ہوا،اللہ تعالیٰ سے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی ہے۔

راجہ پرویز اشرف
صدر پی پی پی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے   پنجاب میں ڈاکووَں کے حملے میں 14 پولیس اہلکاروں  کی شہادت پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہیدوں کے خاندانوں کیساتھ ہیں ، زخمی اہلکاروں  کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے،کچے کے علاقے  میں پیش آنے والے واقعے پر تشویش ہے اور اسکی مذمت کرتا ہوں،فرض کی ادائیگی میں پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،واقعے کی تحقیقات کر کے ڈاکوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے۔ پنجاب پولیس کےشہید جوانوں کاخون رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ پولیس اہلکاروں کی شہادت کے ذمہ داران کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان 

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے سندھ اور جنوبی پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں  کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کے جوانوں کی شہادت حد درجہ افسوس ناک ہے ،کچے کے ڈاکو اس قدر بے خوف اور طاقتور ہو چکے ہیں کہ  شہریوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں،حکومت جواب دے کہ ان ڈاکوؤں کے پاس اتنا جدید اور بھاری اسلحہ پہنچاکیسے؟

امیر جماعت اسلامی پاکستان  نےمزید کہا کہ کون کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کررہاہے؟ جب بھی آپریشن کی بات شروع ہوتی ہے تو کس کے سیاسی مفادات آڑے آجاتے ہیں؟ حکومت اور سیکورٹی ادارے فیصلہ کن کارروائی کرکے یرغمال علاقوں کو کلیئر کرائیں۔

Watch Live Public News