اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کا کوئی بڑا فالٹ نہیں آیا ہے ، امید ہے کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی ، اسلام آباد اور پشاور میں بعض گرڈ سٹیشن بحال کر دیئے گئے ہیں ۔ خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ پاور جنریشن کے وقت ایک ایک میگا واٹ کو دیکھا جاتا ہے کہ اس سے پاور ٹیرف پر کیا اثر پڑے گا اور موسم سرما میں چونکہ بجلی کی طلب کم ہوتی ہے اس لیے سسٹم کو رات کے وقت زیادہ تر سسٹم کو بند کر دیا جاتا ہے اور صبح ایک ایک کر کے سسٹم کو دوبارہ آن کیا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صبح 7 بجے کے قریب جب ایک ایک کر کے سسٹم کو آن کیا جا رہا تھا تو اسی دوران جامشورو اور دادو کے درمیان فریکوئسی کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بریک ڈاؤن شمال سے جنوب تک آیا ہے اور ہم آہستہ آہستہ جنوب سے شمال کی طرف سسٹم بحال کر رہے ہیں ، تربیلا اور وارسک سے کچھ سسٹم بحال کرنا شروع کر دیے ہیں ، ایک محتاط اندازے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، کوشش ہے کہ اس سے پہلے ہی بجلی کو مکمل بحال کر دیا جائے ۔ وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ کراچی شہر کا معاملہ تھوڑا سا پیچیدہ ہے، کراچی میں کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی موجود ہے لیکن کراچی کو نیشنل گرڈ سے جو 1100 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے وہ چند ہی گھنٹوں میں بحال ہو جائے گی ۔