امریکا نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ تجارت کرنے پرپاکستان کو خبردار کردیا

امریکا نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ تجارت کرنے پرپاکستان کو خبردار کردیا
کیپشن: امریکا نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

ویب ڈیسک: ایران کے ساتھ نئے معاہدے کرنے پر امریکا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر پابندیاں عائد کرنے کا اشارہ دے دیا۔

تفصیلا ت کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ایران کے ساتھ کاروباری معاہدوں کو بڑھاوا دینے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ایران نئے معاہدوں میں اگر پیش رفت ہوئی تو پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

ویدانت پٹیل نے کہا کہ معاہدے کے ذمہ داروں کو پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنا چاہیے، پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات اپنی خارجہ پالیسی کے تحت دیکھے، زیادہ تباہی والے جنگی ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور روک تھام کیلئے سپلائرز کو پابندیوں کا سامنا ہے۔

گزشتہ روز ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں، امریکا ممکنہ پابندیوں کا جائزہ نہیں لے رہا۔

میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈیوں اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے، اپنی شراکت داری کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں، پاکستان کی اقتصادی کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

Watch Live Public News