این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت

این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت
الیکشن ٹربیونل نے فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عمران خان کی اپیل منظور کی۔ اس سے قبل ریٹرنگ افسر نے اعتراض لگاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔ عمران خان نے قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نو نشستوں سے ضمنی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب این اے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی گئی، الیکشن ٹربیونل نے درخواست گزار کو الیکشن پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کردی. الیکشن کمیشن نےعمران خان کےکاغذات نامزدگی کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا. حلقے کی امیدوار شذرہ منصب کےوکیل منصور اعوان نےدلائل دئیے اور موقف اپنایا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کو قومی اداروں سے چھپایا، حقائق چھپانے کے باوجود ریٹرننگ افسر نے بلاجواز کاغذات نامزدگی منظور کئے. جسٹس شاہد وحید نے کہا جتنے بھی الزامات عائد کئے گئے وہ انتخابات کےبعد الیکشن پٹیشن سے متعلق ہیں۔ الیکشن ٹربیونل کا دائرہ اختیار محدود ہے۔ ایسا اعتراض سامنے لائیں جس پر ٹربیونل اپنااختیار استعمال کرسکے۔ ہوسکتا ہے فراہم کردہ معلومات درست ہوں مگر نامکمل ہیں۔ نامکمل معلومات کی بنیاد پر کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کئے جاسکتے۔ ریٹرننگ افسر کےپاس سمری کاروائی کا اختیار ہےشفاف ٹرائل کا اختیار نہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔