اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہےکہ ملک بھر میں بجلی کا نظام مکمل طور پر بحال کردیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ملک میں این ٹی ڈی سی کے 1112 گرڈ اسٹیشنز ہیں جن کو بحال کردیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کا نظام مکمل بحال ہوگیا ہے. انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صبح ساڑھے سات بجے تکنیکی خرابی ہوئی جس کا ابھی پتا نہیں چل سکا ہے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جوہری پلانٹ کو دوبارہ شروع ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے چاہئیں جب کہ کوئلے کے پلانٹ کو بھی 48 گھنٹے چلانے کیلئے درکار ہوتے ہیں اس لیے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی جس وجہ سے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں لوڈشیڈنگ رہے گی، پرسوں تک سب کچھ بحال ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا ترسیلی نظام محفوظ رہا ہے، بجلی کے کارخانے چلانے کے لئے وافر مقدار میں تیل موجود ہے۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے اور تفتیش کرنی ہے کیا ہمارے سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعےبیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی، اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گے البتہ انٹرنیٹ سے بیرونی مداخلت کے امکان کم ہیں، وزیراعظم نے تین رکنی انکوائری کمیٹی بنائی ہے جس کی سربراہی مصدق ملک کریں گے۔