ویب ڈیسک: عالمی وبا نے دنیا بھر میں موت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ہر صبح اموات کی ایک نئی بڑی تعداد سامنے آ جاتی ہے۔ دوسری جانب سے مریضوں کی بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ اس وقت پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ آج سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں لگ بھگ دو ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 32 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک پاکستان میں 22 ہزار 9 سو 71 کل اموات ہو چکی ہیں۔ اس تعداد کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کتنے ہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ اس وبا نے کئی والدین سے چشم و چراغ چھین لیے، کئی بچوں سے والدین کا سایہ چھین لیا، کئی دولھنوں کو بیوہ کر دیا، کئی دولھوں کو رنڈوے بنا دیا، کئی بہنوں سے بھائی بچھڑ گئے اور کئی بھائیوں کے پاس بہنیں نہ رہیں۔ قاتل وائرس سے نمٹنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ بچاؤ کی تمام تدابیر پر عمل پیرا رہیں، سماجی فاصلہ اور ماسک پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔ بچاؤ کے لیے کوشش ہم نے بطور ذمہ دار شہری کرنی ہے، انشا اللہ بہت جلد اس وبا سے چھٹکارہ پا لیں گے۔ عالمی وبا سے جنگ میں ہیلتھ ورکرز نے سب سے بڑھ کر حصہ لیا۔ انھوں نے خود کی جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر ہم عام شہریوں کی زندگیاں بچائیں، ان کے ساتھ حسن اخلاق اور ان کی قربانیوں کا اعتراف بھی ضروری ہے۔