پاکستانی مارکیٹ میں ایک بار پھر ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر ایک روپیہ 27 پیسے اضافے کے بعد 208 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ کرنسی ڈیلروں کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ ہوا۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 75 کروڑ ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے جس کا نیگیٹو اثر پڑا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 70 پیسے کی ریکارڈ کمی دیکھی گٸی تھی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کو جلد ہی اس کے دوست ملک چین سے دو ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے والے ہیں۔ اس بیان کا پاکستانی کرنسی پر انتہائی پازیٹو اثر پڑا تھا۔ اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 209 روپے کی سطح پر آگیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بھی آج شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر دو ہزار سے زائد کی شدید مندی دیکھی گئی ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں دوران ٹريڈنگ ہنڈرڈ انڈيکس 40661 پر آگيا۔ جبکہ پی ايس ايکس ہنڈرڈ انڈيکس ميں 2050 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔ گذشتہ روز کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 40458 پر تھا۔ کاروباری دن کی شروعات کیساتھ ہی سرمایہ کاری میں سپیڈ دیکھی گئی تھی۔ جمعرات کے روز ایک وقت ایسا بھی آہا جب کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 42983 کی سطح پر بھی دیکھا گیا لیکن اس کے بعد سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی آ گئی۔ کاروباری دن کے خاتمے پر ہنڈرڈ انڈیکس 258 پوائنٹس بڑھ کر 42717 پر بند ہوا تھا۔