نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیوی کے نہ نہانے پر شوہر نے طلاق کا مطالبہ کر دیا ہے، یہ معاملہ علی گڑھ کے علاقے چندوس میں سامنے آیا۔ خبروں کے مطابق دو سال قبل چندوس کے لڑکے کی شادی ہوئی تھی۔ شادی کے ابتدائی دن میں سب کچھ ٹھیک تھا لیکن آہستہ آہستہ شوہر اور بیوی کے تعلقات میں تلخی آنے لگی۔
بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے تین طلاق پر پابندی کے لیے قانون لایا گیا جس کے بعد اس طرح کے معاملات میں کمی آئی ہے۔ اس قانون کے بعد مسلم خواتین سے بغیر کسی معقول وجہ کے طلاق نہیں مانگی جا سکتی تاہم اتر پردیش کے علاقے علی گڑھ سے ایک بار پھر طلاق کا ایک عجیب معاملہ سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علی گڑھ میں ایک شوہر نے اپنی بیوی سے طلاق کا مطالبہ کیا ہے. اب یہ معاملہ وومن پروٹیکشن سیل کے پاس ہےجہاں جوڑے کی شادی بچانے کے لیے کونسلنگ کی جا رہی ہے۔ اس دوران جب شوہر سے طلاق مانگنے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے حیران کن جواب دیا اور کونسلر سے کہا میڈم !میری بیوی نہاتی نہیں ، میں اس کے ساتھ نہیں رہ سکتا ، براہ کرم مجھے طلاق دلوا دیں۔ طلاق کی ایسی وجہ جان کر وہاں موجود لوگ بھی دنگ رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سماعت کے دوران کونسلر نے شوہر اور بیوی دونوں کو قائل کرنے کی کوشش کی ، تاکہ رشتہ ٹوٹنے سے بچ جائے اور طلاق نہ ہو۔ مشاورت کے دوران شوہر نے نہ صرف بیوی کے نہانے پر سوالات اٹھائے بلکہ الزام لگایا کہ اسکی بیوی کے جسم سے بدبو بھی آتی ہے اور وہ اس کے ساتھ ایک دن بھی نہیں رہنا چاہتا۔ ان تمام الزامات پر بیوی نے بھی جوابی کارروائی کی اور کہا کہ شوہر مسلسل غیر ضروری طور پر جھگڑا کر کےاسے ہراساں کر رہا ہے۔