ویب ڈیسک: (علی زیدی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو حکومت میں آئے اب 100 سے زیادہ دن ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے وہ پنجاب اسمبلی میں ایک لمبی چوڑی تقریر کرچکی ہیں۔ جس میں اپنی حکومت کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے پارلیمان کو اعتماد میں لیا۔
تاہم اب پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 100 دن کی کارکردگی کی عالمی میڈٰیا پر بھی تشہیر کی جائے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جی ڈی این نامی ایجنسی کے ذریعے سی این این، بی بی سی، الجزیرہ، خلیج ٹائمز، سی این بی سی، یو ایس ٹوڈے، رائٹرز اور ای ایس پی این پر تشہیر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے منصب پر 100 روز مکمل ہوتے ہی جہاں اخبارات میں تشہیری مہم کا سلسلہ شروع ہوا وہیں سوشل میڈیا پر اچانک متعدد فنکاروں اور انفلوئنسرز کی جانب سے مریم نواز کے حق میں ویڈیوز اور وی لاگز شائع ہونے لگے۔
اس حوالے سے متعدد انفلوئنسرز اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیوز پنجاب حکومت کی جانب سے بطور تشہیری مہم کثیر رقم کے عوض بنوائی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کی جانب سے مذکورہ فنکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر تنقید کی جا رہی ہے اور ان کے ڈراموں کا بائیکاٹ کرنے اور انھیں ان فالو کرنے جیسے مطالبات بھی کیے جا رہے ہیں۔
تاہم فنکاروں اور انفلوئنسرز کے لیے سوشل میڈیا پر کسی بھی جماعت کے سیاسی بیانیے کے لیے پسند ناپسند کا اظہار یا تشہیر آسان نہیں ہے اور انھیں مثبت کمنٹس سے لے کر شدید تنقید تک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماضی میں کئی فنکاروں کو اپنی مکمل سوشل میڈیا پروفائلز ہٹانا پڑی ہیں۔