حکومت کا ڈیزل کی قلت پر نوٹس، سخت کارروائی کا فیصلہ

حکومت کا ڈیزل کی قلت پر نوٹس، سخت کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے ڈیزل کی قلت پر نوٹس لے لیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پٹرولیم علی رضا بھٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ورچوئل اجلاس ہوا،اجلاس میں اوگرا،پی ایس او حکام اور تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں، 21 دنوں کا ڈیزل اور 31 دنوں کا پٹرول کا مطلوبہ ذخیرہ موجود ہے، ڈیزل مہنگا ہونے کی افواہوں پر مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ طور پر 52 روپے لیٹر اضافے کا امکان ہے، زیادہ مہنگا ہونے کی افواہوں پر ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کا انکشاف ہوا۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چھاپے مارنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائینگے، ڈیزل کے مجاز ڈیلرز کا سٹاک چیک اور مانیٹرنگ سخت کی جائے، ڈیزل کی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت ملک میں تیل کمپنیوں کے دس ہزار کے لگ بھگ مجاز ڈیلرز ہیں،بغیر لائسنس ڈیلرز کی تعداد لا محدود ہے اور حکومت کے پاس کوئی ڈیٹا نہیں ہے،بغیر لائسنس ڈیلرز نے بڑے پیمانے پر ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کی ہے۔ ذرائع کے مطا بق گندم کی کٹائی کی وجہ سے ڈیزل کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ، ڈیزل کی یومیہ کھپت 23 ہزار سے بڑھ کر 33 ہزار ٹن ہو گئی ہے، ڈیزل کی کھپت میں اضافے کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے، ڈیزل کی مصنوعی قلت میں سیاسی مخالفت کا عنصر بھی شامل ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔